لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی قیادت میں وفد نے جمہوریہ عراق کے سفیر سے ملاقات کی۔ مرکزی قائدین عارف حسین واحدی، پیر صفدر گیلانی، مفتی گلزار نعیمی، علامہ سید ثاقب اکبر، سید ناصر شیرازی، پیر عبدالشکور نقشبندی، مفتی معرفت شاہ، شاہد شمسی وفد میں شریک تھے۔ لیاقت بلوچ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام کا برادر اسلامی ملک عراق کیساتھ قدیم اسلامی، ثقافتی رشتہ ہے۔ شہدائے کربلا، شیخ عبدالقادر جیلانی، امام ابوحنیفہ اور علمی مراکز کے حوالے سے عوامی سطح پر پاک عراق دوستی بہت گہرے اور مضبوط بندھن میں بندھی ہوئی ہے۔ عراقی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے وفد کے قائد لیاقت بلوچ نے کہا کہ فلسطین کی آزادی اور اسرائیل کی ناجائز ریاست کے خلاف عراق کا مضبوط م¶قف خوش آئند ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ استعماری قوتوں نے عراق کو تقسیم کرنے کا ہر حربہ استعمال کیا لیکن عراقی عوام نے باہم اتحاد سے اس قسم کی تمام سازشوں کو ناکام بناتے ہوئے اتحاد قائم رکھا۔ عالمِ اسلام کے مسائل کشمیر، فلسطین، یمن، شام، افغانستان کے حل کے لیے اتحادِ ا±مت ہی علاج ہے۔ اس سلسلے میں عراق تاریخی کردار ادا کرتے ہوئے سعودی عرب اور ایران کے درمیان تعلقات کو خوشگوار بنائے، جو عالمِ اسلام کے لیے بہت ہی نفع بخش ہوگا۔
پاکستانیوں کا عراق کیساتھ قدیم، اسلامی، ثقافتی رشتہ ہے، لیاقت بلوچ
Dec 02, 2022