لاہور(خصوصی نامہ نگار)متحدہ علماءبورڈ پنجاب اور سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ حکمران اقتدارِ کی خاطر ملک و قوم کے مستقبل سے کھیلنا بند کریں۔طلبہ یونینز کی بحالی پر پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کے موقف کی تائید کرتے ہیں۔تعلیمی اداروں میں یونین سازی کا عمل بحال ہونا چاہیے۔طلبہ یونینز جمہوریت کی نرسریاں ہیں۔طلبہ یونینز پر عائد پابندی ختم کرکے طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ کیا جائے۔امپورٹڈ حکمرانوں نے آٹھ ماہ میں ملک میں تباہی پھیلا دی ہے۔سیلاب متاثرین کا فنڈ کھانے والے ملک و قوم کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے۔بے یارو مددگار سیلاب متاثرین حکمرانوں کی جان کو رو رہے ہیں۔فضل الرحمن کی خواتین کے بارے میں نازیبا الفاظ شرمناک فعل ہے۔وفاقی حکومت اپنی ناکام پالیسوں کی وجہ سے ہر شعبے میں ناکام ہو رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبہ اسلام کے مرکزی سیکرٹری جنرل خواجہ اسلم رضا کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صاحبزادہ حامد رضا نے کہا الیکشن کمیشن پی ڈی ایم کا ذیلی ونگ بن چکا ہے۔الیکشن کمیشن کا غیر جانبدار رہنا آئین کا تقاضا ہے مگر الیکشن کمیشن حکومتی اتحادی کا کردار ادا کر رہا ہے۔عقل کے اندھے حکمران جان بوجھ کر ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر رہے ہیں۔اداروں کو متنازعہ بنانے کی حکومتی سازشیں ناکام ہونگیں۔