لاہور(سپورٹس رپورٹر)بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ کے آغاز میں صرف 4 دن باقی ہیں، تاہم پاکستان بلائنڈ کرکٹ ٹیم اب بھی بھارتی ویزوں کی منتظر ہے۔ بھارت میں منعقدہ بلائنڈ ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب 5 دسمبر کو دہلی میں ہونا ہے جبکہ پاکستان ٹیم کی 4 دسمبر کو بھارت روانگی شیڈول ہے۔بھارت جانے کے لیے قومی بلائنڈ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو بھارت کی جانب سے تاحال ویزا جاری نہیں ہوا۔پاکستان ٹیم نے پہلا میچ 6 دسمبر کو جنوبی افریقہ کیخلاف دہلی میں کھیلنا ہے۔پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 7 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔چیئرمین بلائنڈ کرکٹ کونسل سید سلطان شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان بلائنڈ کرکٹ سکواڈ کے تاحال ویزے جاری نہیں کیے گئے، ایک ماہ قبل سکواڈ کے نام جبکہ ایک ہفتہ پہلے پاسپورٹ جمع کروائے گئے۔ کھلاڑیوں، مینجمنٹ کے ارکان اور سابق کھلاڑیوں پر مشتمل 33 افراد کے تاحال ویزے جاری نہیں ہوئے۔ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ نے بھارت کو میزبانی اس شرط پر دی تھی کہ تمام ٹیموں کی شرکت کو یقینی بنایا جائیگا۔ پاکستان رینکنگ میں پہلے نمبر کی ٹیم ہے، شرکت کو یقینی بنانا چاہیے، ابھی بھی امید ہے کہ بھارتی حکومت کی جانب سے اجازت ملنے پر آج ویزے جاری ہوجائیں۔
واضح رہے کہ سید سلطان شاہ ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کے صدر بھی ہیں۔
بلائنڈ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں3 دن باقی، پاکستان ٹیم بھارتی ویزوں کی منتظر
Dec 02, 2022