اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کا مختصر تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ سے جاری فیصلہ میں عدالت کا کہنا ہے کہ دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر نے مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کیس کے فیصلے کا حوالہ دیا، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کے بریت کے فیصلے میں اس عدالت نے آبزرویشن دی تھی، عدالتی آبزرویشن میں کہا تھا نیب کے پاس نواز شریف کے خلاف کیس ثابت کرنے کے لیے کوئی دستاویزی شواہد موجود نہیں، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کی بریت کے فیصلہ کہیں بھی چیلنج نہیں کیا، عدالت نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیل منظور اور بری کرنے کا حکم دیتی ہے، بریت کی وجوہات کا تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔
ایون فیلڈ‘ نیب کے پاس نواز شریف کیخلاف دستاویزی شواہد نہیں: مختصر فیصلہ جاری
Dec 02, 2023