کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک مارکیٹ نے کلینڈر سال2023ءکے آخری ماہ دسمبر کے پہلے ہی دن پہلی بار بلندیوں کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ انڈیکس 61600 پوائنٹس کی حد عبور کر کے بند ہوا۔ جبکہ مارکیٹ کے سرمائے میں 1 کھرب 55 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ریکارڈکیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 88کھرب روپے سے تجاوز کر گیا۔ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز کاروبار کا آغاز مثبت ہوا۔ سرمایہ کاروں نے فرٹیلائزر، سیمنٹ، ٹیلی کام اور توانائی کے شعبو ں میں کھل کر خریداری کی جس کی وجہ سے 100انڈیکس میں 1159.98پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا اور انڈیکس60531.27 پوائنٹس سے بڑھ کر 61691.25 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ 366.13 پوائنٹس کے اضافے سے 30انڈیکس 20188.45پوائنٹس سے بڑھ کر 20554.58پوائنٹس پر جا پہنچا۔ اسی طرح کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 40324.28 پوائنٹس سے بڑھ کر 41045.38 پوائنٹس ہو گیا۔ فاریکس ایسو سی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو انٹر بینک میں ڈالر 20پیسے سستا ہوگیا جس سے ڈالر کی قدر 285.17 روپے سے کم ہوکر 285روپے کی سطح سے گر کر 284.97روپے پر آگئی۔ اسی طرح 50پیسے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 286.50روپے سے گھٹ کر 286روپے ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق یورو اور بر طانوی پاو¿نڈ کی قدر بالترتیب ایک ایک روپے کی کمی واقع ہوئی جس کے بعد یورو کی قدر 313روپے سے کم ہوکر 312روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاو¿نڈ کی قدر 363روپے سے گھٹ 362روپے پر آگئی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت76.50روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت78.50روپے رہی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسو سی ایشن کی رپورٹ کے مطابق جمعہ کو ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونا 500روپے سستا ہو کر 2لاکھ 20ہزار 500روپے کا ہو گیا۔ اسی طرح 429روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت 1لاکھ 89ہزار 43روپے پر آگئی۔ جبکہ 4ڈالر کی کمی سے عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونا 2060ڈالر ہوگیا۔
نیا ریکارڈ قائم، سٹاک مارکیٹ نے 61600 کی حد بھی عبور کر لی
Dec 02, 2023