اسلام آباد /لاہور ( نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی عام انتخابات کے لئے تیاریاں نئے مرحلے میں داخل ہوگئیں، اس ضمن میں قومی، صوبائی اور مخصوص نشستوں پر پارٹی ٹکٹ اور امیدواروں کے انتخاب کےلئے پارلیمانی بورڈ کے اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا۔ جمعہ کو شیڈول پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے جاری کیا ۔ پارلیمانی بورڈ کا پہلا اجلاس آج ہفتہ کو لاہور میں ہوگا، سرگودھا ڈویژن کے پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ کیا جائیگا، راولپنڈی ڈویژن کے امیدوار3 دسمبر، خیبر پختون خوا ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن کے امیدوار 6 دسمبر کو فائنل ہونگے، بورڈ 7 دسمبر کے اجلاس میں بلوچستان کے پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ کرے گا، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن 8 دسمبر، ملتان ڈویژن9 دسمبر، ساہیوال ڈویژن11 دسمبر جبکہ فیصل آباد ڈویژن میں پارٹی ٹکٹ کا فیصلہ 12 دسمبر کے اجلاس میں ہوگا۔گوجرانوالہ ڈویژن کا اجلاس 13 دسمبر، لاہور ڈسٹرکٹ ڈویژن کا 14 دسمبر کو ہوگا۔ لاہور ڈسٹرکٹ ڈویژن میں شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور قصور کے امیدواروں کا فیصلہ15 دسمبر کو ہو گا۔صوبہ سندھ میں پارٹی ٹکٹ 16 دسمبر کو فائنل کئے جائیگے۔ اسلام آباد اور مخصوص نشستوں کے بارے میں فیصلوں کے لئے 18 دسمبر کو اجلاس ہوگا،خیبر پختون خواہ کے باقی انتخابی حلقوں کے ٹکٹ کیلئے اجلاس 19 دسمبر کو ہوگا۔ علاوہ ازیں سابق ارکان پنجاب اسمبلی سردار عون ڈوگر اور جاوید اختر انصاری بھی مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئے ۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے انکی مسلم لیگ ن میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد سے پاکستان اور عوام کی خدمت کا سفر تیز ہو گا۔
پاکستان اور عوام کی خدمت کا سفر تیز ہو گا: شہباز شریف
Dec 02, 2023