لاہور(نیوز رپورٹر)وزیر پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر جمال ناصر نے کہا وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پرتاریخ میں پہلی بار پنجاب کی 43 جیلوں میں 52 ہزار قیدیوں کی ایڈز، ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور دیگر بیماریوں کی سکریننگ مکمل کر لی گئی۔ ایڈز سے متاثرہ قیدیوں کا پی سی آر کروا کر ان کا علاج شروع کروا دیا گیا ہے۔ پنجاب میں قیدیوں کی ہر سال دو مرتبہ سکریننگ کا حکم دےدیا گیا۔ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت 36 اضلاع میں 45 کلینک مفت تشخیص اور علاج کر رہے ہیں۔ ایڈز کے علاج کیلئے کلینکس ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اور ٹیچنگ ہسپتالوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ پنجاب میں اس وقت ایڈز کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہے۔ ایڈز سے بچاو¿ اور آگاہی کے عالمی دن کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جمال ناصر نے بتایا کہ نشہ کرنےوالوں کی طرف سے سرنجوں کا استعمال پنجاب میں ایڈز پھیلنے کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ ایڈز سے بچنے کیلئے اسلامی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا۔ خود کو جیون ساتھی تک محدود رکھیں۔ انتقال خون، آپریشنز اور انجیکشن وغیرہ کے دوران احتیاط کی ضرورت ہے۔ ایڈز کی روک تھام کیلئے عوام میں احتیاطی تدابیر کا شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ صحت مند معاشرے کے قیام کیلئے حکومت کے ساتھ سماجی تنظیموں کو بھی موثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
43 جیلوں میں 52 ہزار قیدیوں کی ایڈز، دیگر بیماریوں کی سکریننگ : ڈاکٹر جمال ناصر
Dec 02, 2023