لاہور ( خصوصی نامہ نگار)پاکستان سنی تحریک وسطی پنجاب کے صدر سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا ہے کہ بروقت انتخابات کے انعقاد میں جمہوریت میں پنہاں ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں کسی آمریت کو پنپنے اور پھلنے پھولنے نہیں دیں گے۔ تمام سیاسی اور دینی مذہبی جماعتوں کو آمریت کے خلاف علم حق بلند کرنا ہوگا۔ عوام الناس اور عام شہری اپنے سیاسی حقوق کی بازیابی کیلئے سیاسی جدوجہد میں عملی حصہ لیں۔ تیزی کے ساتھ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، غربت نوجوان نسل کو بے راہ روی کا شکار کر رہی ہے جس کی تمام تر ذمہ داری سابق حکمرانوں اور جماعتوں پر ہے۔علماءاور مشائخ کی جدوجہد سے پاکستان معرض وجود میں آیا ہے اورآج علماءاور مشائخ کی جدوجہد سے ہی پاکستان کو مشکل ترین حالات اور بھنور سے نکالا جا سکتا ہے۔ موجودہ حالات کی تمام تر ذمہ داری باریاں لینے اور باریاں دینے والوں پر عائد ہوتی ہے۔ جمہوری اقدار میں موروثیت کی کوئی روایت موجود نہیں ہے اور نہ ہی کوئی گنجائش باقی ہے۔