لاہور(نیوز رپورٹر) دنیا بھر میں 25نومبر تا 10دسمبر صنفی تشدد کےخلاف 16روزہ آگاہی مہم کا انعقاد کیا جاتا ہے جس کامقصد خواتین اور بچیوں پر ہونےوالے جسمانی، معاشی اور نفسیاتی تشدد کی روک تھام یقینی بنانا ہے۔ خواتین کےخلاف تشدد سے یکجہتی کے طور پر پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کے ہیڈ آفس کو نارنجی روشنیوں سے سجایا گیا۔ وائس چیئرپرسن پی ایس پی اے جہاں آرا وٹو اور سی ای او پی ایس پی اے علی شہزاد نے ایکٹیویٹی کا باقاعدہ آغاز کیا۔ وائس چیئر پرسن کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کی طاقت کا درست استعمال کرتے ہوئے ہم صنفی تشدد کی آگاہی اور روک تھام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ آگاہی مہم کے پیغامات کو وسعت دینے کیلئے #OrangeTheWorld اور #16Days جیسے ہیش ٹیگز استعمال کریں۔ جہاں آرا وٹو نے مزید ہدایت کی کہ پی ایس پی اے افسران کیلئے خواتین کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے اور صنفی بجٹ سازی کے بارے ایک ضروری تربیت کا انعقاد کیا جائے۔اس موقع پر وائس چیئر پرسن نے پی ایس پی اے میں قائم ہراسمنٹ کمیٹی سے بھی ملاقات کی اور انہیں تنبیہہ کی کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں خواتین کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتے ہوئے ذمہ داران کےخلاف فوری کارروائی کی جائے۔ صنفی تشدد کےخلاف ہم سب کو مل کر ایک ہونا ہوگا تاکہ خواتین کو ہر جگہ تحفظ کا احساس ملے۔