پاکستان چھوڑنے والے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔حکومتی ڈیڈ لائن کے بعد غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ روز بھی 3776 افراد واپس افغانستان گئے جن میں 1232 مرد، 1178 خواتین اور 1366 بچے شامل ہیں۔گاڑیوں میں 612 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی جس کے بعد بے دخل ہونے والے افغان باشندوں کی تعداد 4 لاکھ 2 ہزار 312 ہوگئی ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان نے زور و زبردستی کے بغیر افغان باشندوں کو ملک چھوڑنے کا حکم دیا جب کہ افغان باشندوں کو دیگر ممالک میں منتقل کرنے میں اہم کردار بھی ادا کیا۔پاکستان نے 295 افغان باشندوں کو کینیڈا جانے میں مدد کی جہاں انہیں 33 مختلف شہروں میں رہائش بھی فراہم کی جائے گی۔اس کے علاوہ پاکستان سے افغان باشندوں کو برطانیہ منتقل کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے، عالمی سطح پر پاکستان کے اقدامات کو خوب پزیرائی ملی ہے۔
پاکستان چھوڑنے والے افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ سے متجاوز
Dec 02, 2023 | 09:58