لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے ہم جنس افراد کی لاہور میں تقریب کے انعقاد کیخلاف درخواست پر سماعت 4 دسمبر تک بغیر کارروائی ملتوی کر دی۔ فاضل عدالت نے کہا کہ سوموار کو درخواست پر بطور ارجنٹ کیس سماعت ہوگی۔ عدالت نے گزشتہ روز ارجنٹ بنیادوں پر درخواست کی سماعت کی استدعا مسترد کر دی۔ ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال حسن نے درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔ درخواست شہری عمار حنیف نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر کی جس میں موقف اپنایا گیا کہ کل مسلم ٹائون لاہور میں ہم جنس پرست تقریب کررہے ہیں، رجسٹریشن کیلئے دو ہزار روپے رجسٹریشن فیس رکھی گئی ہے، شرکت کے خواہشمند مردوں کو خواتین اور خواتین کو مردوں کے کپڑے پہننے کا کہا گیا ہے۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے یہاں اس طرح کی بے حیائی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ کراچی میں اسی طرح کی تقریب کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انڈیا میں بھی ہم جنس پرستوں کو ایسی تقریب کی اجازت نہیں دی گئی۔ عدالت سے استدعا ہے کہ بے حیائی پر مبنی ایسی تقریب روکنے کا حکم دے۔
ہم جنس پرستوں کی تقریب رکوانے کیلئے درخواست پر ارجنٹ سماعت کی استدعا مسترد
Dec 02, 2023