سیالکوٹ‘ڈسکہ ( نمائندہ نوائے وقت /نامہ نگار/ نمائندہ خصوصی ) پولیس کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کے ورثاء نے زبردست احتجاج کیا۔ قتل ہونے والا 17 سالہ عبدالرحمان فرسٹ ائیر کا طالب علم تھا۔ ورثا کے مطابق عبدالرحمان دوستوں کے ساتھ مرغوں کی لڑائی دیکھنے گیا تھا مرغوں کی لڑائی کے دوران موقع پر پولیس پہنچ گئی۔ پولیس کو دیکھ کر تمام دوستوں نے دوڑ لگا دی جس پر پولیس نے ہمارے بچوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ ایک فائر میرے بچے کی گردن پر لگا جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ دریں اثناء بھاگتے ہوئے ایک لڑکے کو پکڑ کر پولیس نے ہتھکڑی لگا کر تشدد کیا۔ پولیس لڑکے کو مناتی رہی کہ تم قبول کرو کہ تم نے مارا ہے۔ پولیس نے 4 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس کی جانب سے درج ایف آئی آر میں کہا گیا کہ پولیس ملزمان کو پکڑنے جا رہی تھی جس پر 4 نامعلوم افراد نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی۔ راستے میں پولیس کو ایک نامعلوم متوفی ملا جو کہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ہلاک ہوا۔ ورثاء نے جی ٹی روڈ پر ٹائروں کو اگ لگا کر روڈ بلاک کردیا۔ مظاہرین نے پنجاب پولیس کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ مرنے والے نوجوان کی ماں اور دونوں بہنیں معذور ہیں۔