لاہور (خبر نگار) انسداد دہشتگردی عدالت نے سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت 15 دسمبر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے پولیس افسران کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لئے۔ انسداد دھشت گردی عدالت کے جج محمد ارشد جاوید نے سماعت کی۔ عوامی تحریک کی جانب سے چودھری نعیم الدین ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ کیس کی نئی تفتیش اور جے آئی ٹی کیلئے ہماری درخواست لاہور ہائیکورٹ میں زیر التواء ہے۔ ہماری درخواسوں پر فیصلے تک کیس کو غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا جائے۔ جس پر وکیل ملزمان برہان معظم ملک نے کہا کہ آپ ہر تاریخ پر یہ کہتے ہیں کیس کو لٹکا رہے ہیں۔ پولیس افسران کی بریت کی درخواستوں پر جلد فیصلہ کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ نو سال پرانا کیس ہے اس کو مزید لٹکانا مناسب نہیں آ پ اپنی قیادت سے مشاورت کرکے عدالت کو آگاہ کریں کہ آپ کیا چاہتے ہیں۔ سابق ایس پی عمر ورک سمیت 4 ملزموں نے بریت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔