اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نجی بینک کی جانب سے بینکنگ محتسب کے فیصلے کے خلاف اپیل مسترد کرتے ہوئے متاثرہ شخص کو 30 لاکھ روپے واپس اور ذمہ دار بینک اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق محمد منیر احمد وغیرہ (شکایت کنندگان) کا بینک کی گوجرہ روڈ برانچ میں مشترکہ اکاؤنٹ تھا،مارچ 2021 میں اکاؤنٹ بیلنس میں بہت بڑی کمی نظر آئی ،39 لاکھ سے زائد مالیت کی 292 ڈپازٹ سلپس اکاؤنٹ میں جمع ہی نہیں کی گئی ،شکایت کنندگان کے پاس بینک حکام کے دستخط شدہ اور مہر لگی ڈپازٹ سلپس موجود تھیں،صارف نے شکایت کے ازالے کیلئے بینک سے رابطہ کیا لیکن بینک نے دعویٰ مسترد کر دیا ۔صارف نے شکایت کے ازالے کیلئے بینکنگ محتسب سے رابطہ کیا۔بینکنگ محتسب کا صارف کے حق میں فیصلہ آنے پر بینک نے صدر کو درخواست دائر کی۔صدر نے ایوان صدر میں کیس کی ذاتی سماعت کی اور بینک کی درخواست کو مسترد کردیا۔