پی ٹی آئی کے رہنما زلفی بخاری کا کہنا ہے پی ٹی آئی ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے۔انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بیرسٹر گوہر کی کوئی حیثیت نہیں اصل چیئرمین پارٹی قائد ہی ہیں۔ جلد پاکستان جا کر کیسز کا سامنا کروں گا۔زلفی بخاری نے کہا ہم نے تمام حلقوں سے امیدوار کھڑا کرنے کی منصوبہ بندی کر لی ہے۔ مخصوص حالات میں انتخابات ہوئے تو نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔صوبائی اور وفاقی نگران حکومت غیر آئینی ہیں لگتا ہے جب تک پی ٹی آئی ختم ہونے کا یقین نہیں ہو جاتا الیکشن نہیں ہونے دیا جائے گا۔زلفی بخاری نے مزید کہا کہ فوج اور پی ٹی آئی آج بھی ایک ہی صفحے پر ہیں پی ٹی آئی کو انتخابات سے باہر رکھ کر سیاسی اور معاشی استحکام نہیں آئے گا ۔قبل ازیں ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے چند قریبی لوگ میرے خلاف مقدمات بنانے والوں میں شامل تھے، مجھ پر مقدمات بنانے والا ایک وعدہ معاف گواہ بن گیا اور دوسرا ملک چھوڑ کر بھاگ گیا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی پوری پی ٹی آئی نے مذمت کی تھی، جناح ہاؤس پر حملے کی سخت مذمت کی، تاریخ میں پہلی مرتبہ میڈیا سخت ترین دور سے گزر رہا ہے، پاکستان میں زبردستی سیاست چھوڑنے والوں کا ووٹ بینک بھی ختم ہو گیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ میرے جیل میں جانے سے فائدہ نہیں ہو گا، وقت آنے پر ہم میدان میں ہوں گے، نگراں وزیرِ اعظم کی حیثیت کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں، 50 فیصد بھی پلیئنگ فیلڈ ملی تو الیکشن جیت جائیں گے۔ ذلفی بخاری نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے، بر وقت انتخابات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا چاہیے، پاکستان میں انتخابات میں دھاندلی کے لیے کام شروع ہو چکا، پاکستان کی معاشی حالت تباہی کی طرف جا رہی ہے، شفاف انتخابات ہی ملک میں معاشی استحکام لائیں گے
پی ٹی آئی ن لیگ سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذاکرات چاہتی ہے: زلفی بخاری
Dec 02, 2023 | 12:55