خیبر پختونخوا میں سکیورٹی فورسز کے 2 مختلف آپریشنز میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔خوارج کے خلاف کارروائیوں میں پاک فوج کے 2 جوانوں نے بھی جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کے خلاف آپریشن 29 نومبر سے یکم دسمبر کو کیے گئے۔آئی ایس پی آرکے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پربنوں کے علاقے بکاخیل میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر مؤثر انداز میں کارروائی کی، آپریشن میں 5 خوارج ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔خوارج کے خلاف آپریشن میں سپاہی افتخار حسین نے بہادری سے لڑتے جام شہادت نوش کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبر کے علاقے شگئی میں ایک اور کارروائی کی جس میں 3 خوارج ہلاک ہوئے جبکہ 2 کو سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران آپریشن کی قیادت کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین نے جام شہادت نوش کیا۔لاہور سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ کیپٹن محمد زوہیب شہید نے 3 سال سے زائد عرصے تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں والدین چھوڑے ہیں۔ضلع جھنگ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ سپاہی افتخار حسین شہید نے 8 سال تک پاک فوج میں دفاع وطن کے فرائض سرانجام دیے، انہوں نے سوگواران میں اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی چھوڑے ہیں۔