کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور نوجوان کو قتل کردیا گیا ہے۔اسلامیہ کالج کے سامنے ڈاکوؤں نے ٹائر کی دکان پر دھاوا بولتے ہوئے کئی شہریوں کو لوٹ لیا ، مزاحمت کرنے پر حسن عارف کو ڈاکوؤں نے گولی ماردی اور فرار ہوگئے۔عینی شاہد نے جیو نیوز کو بتایا کہ مقتول حسن عارف اپنی دکان پر موجود تھا کہ موٹر سائیکل سوار مسلح ملزمان پہنچے، ملزمان نے کئی افراد کو لوٹا، حسن عارف کے پاس پہنچے تو اس نے مزاحمت کی، حسن کی مزاحمت پر ملزمان نے فائرنگ کردی،گولی حسن کے سینے میں لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی۔حسن عارف کے قریبی عزیزوں کا بتانا ہے حسن کا 13 دسمبر کو نکاح تھا جس کی وہ تیاریوں میں مصروف تھا، لیکن ملزمان نے چند پیسوں کے خاطر نوجوان کی جان لے لی۔کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے دعویٰ کیا ہے کہ واردات میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے، واقعے کی فوٹیج حاصل کی جارہی ہیں۔