گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) بزنس گروپ کے چیئرمین رانا ناصر محمود، سابق صدور میاں عمر سلیم اور عاصم انیس نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ون یونٹی گروپ کے بعض لیڈر چیمبر میں شکست کھانے کے بعد اب گوجرانوالہ جم خانہ میں سازشوں اور نان ایشوز کو ہوا دے کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں اس منفی ذہنیت کے لوگوں کو جم خانہ کی تعمیر و ترقی برداشت نہیں ہو رہی، شہر میں سینکڑوں ادارے ہیں کیا ان لوگوں نے کبھی کسی اور ادارے کے بارے میں بات کی ہے؟ ضلع گوجرانوالہ میں صرف ون یونٹی گروپ کو جم خانہ میں کرپشن اور بے ضابطگیاں نظر آرہی ہیں اس کے علاوہ پورے شہر کو جم خانہ گوجرانوالہ میں صرف ترقی نظر آرہی ہے حقیقت یہ ہے کہ انہیں صاف نظر آرہا ہے کہ چیمبر میں شکست کے بعد یہ امر نوشہ دیوار ہے کہ جم خانہ میں بھی شکست ان کا مقدر بنے گی اس لیے یہ الیکشن میں تاخیر کے لیے مختلف لوگوں کے نام اور تصویریں استعمال کر کے جم خانہ کے بارے منفی خبریں لگوا رہے ہیں۔ اپنی مرضی کے آڈیٹر سے آڈٹ کروانے اور اس آڈٹ رپورٹ کے اوپر انکوائری کروا کر بھی ان کو کچھ نہیں ملا اور اپنی خفت مٹانے کے لیے ایسے بیانات جاری کروا رہے ہیں۔ایسے لوگوں سے کون کون سے معاملات اور سکینڈل وابستہ نہیں ہیں ہم عرض کریں گے تو تکلیف ہوگی۔