لاہور(کامرس رپورٹر)آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اشرف بھٹی نے کہا معیشت اور کاروبار کی ترقی کیلئے سیاسی استحکام نا گزیر ہے۔ سیاسی افرا تفری اور انتشار کی فضاء سے ملکی اور غیر سرمایہ کاری متاثر ہو رہی ہے۔ حکومت ،اپوزیشن سے اپیل ہے میثاق معیشت کیلئے پیشرفت کریں۔ ملک کی بقاء کیلئے اتحاد اور معیشت کامضبوط ہونا بے حد ضروری ہے جس کیلئے سب کو اپنے سیاسی اور ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈالنا ہوگا۔ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن مایوسی نہ پھیلائی جائے اس سے نہ صرف غیر ملکی بلکہ ملکی سرمایہ کا ری بھی متاثر ہو رہی ہے۔ پاکستان سیاسی عدم استحکام کا ہرگز متحمل نہیں ہو سکتا۔