لاہور(نامہ نگار)ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان سے1581 کلاشنکوف،39818 پسٹل، 3398 بندوقیں، 2982 رائفلز اور 744 ریوالور بھی ملزمان کے قبضے سے برآمد کئے گئے۔ لاکھوں کی تعداد میں تقریبا3 لاکھ گولیاں اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔صوبائی دارالحکومت میں ملزمان سے 127 کلاشنکوف، 8543 پسٹل، 593 رائفلز، 323 بندوقیں اور 100 ریوالور اور تقریبا 48 ہزار گولیاں، سینکڑوں کارتوس برآمد کئے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کیخلاف بلا تفریق کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔ سوشل میڈیا اور ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی تشہیر کرنے والے ملزمان کو بلا تفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس،سٹاک انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے۔آر پی اوزاور ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹس سی پی او بھجوائیں۔