لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے جامعہ سلفیہ فیصل آباد میں تقریب تقسیم انعامات و اسناد میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا اس ملک پر حکمرانی کا حق ریاست کے منتخب نمائندوں کا ہے اور اختلاف رائے کے نام پر کسی کا گھر جلانا ناقابل قبول ہے۔ ہمارے ادارے ملک میں امن و امان برقرار رکھنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ سیاست کے نام پر گراؤ جلاؤ کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا کیونکہ سیاست افراتفری اور انتشار کا نام نہیں بلکہ عوامی خدمت کا ذریعہ ہے۔ جامعہ سلفیہ کی لائبریری کو سراہتے ہوئے کہا یہ علم کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور قوم کی ترقی میں لائبریریاں کلیدی حیثیت رکھتی ہیں۔