اسرائیلی ڈرون حملوں میں غزہ سوپ کچن کے شریک بانی سمیت 47 فلسطینی شہید

غزہ (نوائے وقت رپورٹ) شمالی غزہ کے قصبے جبالیہ میں عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 47 فلسطینی شہید ہو گئے۔ اسرائیلی ڈرون حملے میں امدادی ادارے، غزہ سوپ کچن، کے شریک بانی اور شیف محمد المدبون شہید ہو گئے۔ خبررساں ادارے ’وفا‘ کے مطابق شمالی غزہ کے قصبے جبالہ کے علاقے تال الزاتار میں بے گھر افراد کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والی عمارت پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 47 فلسطینی شہید ہو گئے۔ لوگوں کی بڑی تعداد ملبے تلے دبی ہوئی ہے تاہم ایمبولینسز اور امدادی اہلکاروں کی کمی کے باعث ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ ادھر، الجزیرہ کے مطابق جنوبی غزہ کے علاقے شبورہ مہاجر کیمپ پر اسرائیلی حملے میں کم از کم 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔ دریں اثناء الجزیرہ کے ادارے، غزہ سوپ کچن نے کہا ہے کہ اس کے شریک بانی اور شیف محمود المدبون کو اسرائیلی افواج نے شمالی غزہ میں ڈرون حملے میں نشانہ بنا کر شہید کر دیا ہے۔ امدادی ادارے نے شمالی غزہ کے علاقے بیت لابیا میں محاصرہ زدہ ہسپتال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقین ہے کہ انہیں کمال عدوان ہسپتال کی مشکلات حل کرنے کی غیر متزلزل لگن اور وہاں ضرورت کی ہر چیز مہیا کرنے کے باعث قتل کیا گیا ہے۔ یو این آر ڈبلیو اے نے غزہ میں سکیورٹی خدشات کی وجہ سے امداد کی ترسیل روک دی۔ عرب میڈیا کے مطابق ہفتہ کے روز اسرائیلی فورسز نے تین امدادی کارکنوں کو شہید کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن