سرگودھا‘ سوہدرہ‘ سرائے عالمگیر (نامہ نگار‘ این این آئی‘ نیٹ نیوز) مختلف حادثات میں خواتین سمیت 6افراد جان کی بازی ہار گئے۔ وزیر آباد سیالکوٹ روڈ پر موضع چک ستیہ کے قریب فلائنگ کوچ اور موٹر سائیکل کے تصادم کے نتیجہ میں باپ بیٹا جاں بحق ہو گئے۔ موٹر سائیکل پر سوار زین یوسف اور اس کا جواں سال بیٹا یوسف علی گھریلو کام کے سلسلے میں گجرات سے سیالکوٹ جا رہے تھے۔ سرگودھا کے قصبہ بھیرہ کے علاقہ سردار پور نون کے قریب لکڑی سے لوڈ ٹرالر کی موٹرسائیکل کو ٹکر میں اس پر سوار نجی کمپنی کا ملازم محمد قمر جاںبحق ہو گیا۔ اسی طرح بھکر سے ایم ایم روڈ چک 209 کے قریب تیز رفتار مسافر بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر میں اس پر سوار سکول ٹیچر محمد حسین جاں بحق ہو گیا۔ سرائے عالمگیر پنجاب کے ضلع جہلم کی نہر میں باراتیوں کی گاڑی ڈوبنے سے دولہا اور سالی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ٹبی ٹاواں کے قریب نہر اپر جہلم میں پیش آیا، جہاں باراتیوں کی گاڑی بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔ باراتی ولیمہ کی تقریب سے واپس دولہا دلہن کے ہمراہ سسرال جا رہے تھے۔ حادثے کا شکار میں دولہا دلہن سمیت کار میں پانچ افراد سوار تھے۔ ریسکیو اہلکاروں نے دلہن سمیت تین خواتین کو نہر سے زندہ نکال لیا جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں دولہا اور سالی شامل ہیں۔