لاہور (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں شروع کیے گئے منصوبے ’’نیا پاکستان منزلیں آسان‘‘ میں مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا۔ پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی 2 نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ نیا پاکستان منزلیں آسان منصوبہ فزیبلیٹی رپورٹ کے بغیر ہی شروع کر دیا گیا تھا، منصوبے میں قانونی تقاضے پورے نہ ہونے سے 30 ارب روپے کی مبینہ مالی بد انتظامی کی گئی۔ منصوبے کا پی سی ٹو ہی تیار نہیں کیا گیا، اس سلسلے میں پلاننگ کمیشن کی ہدایات بھی نظر انداز کی گئیں، نیا پاکستان منزلیں آسان منصوبہ کا ریکارڈ ہی فراہم نہیں کیا گیا۔