لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان نے زمبابوے کو57رنز سے شکست دیکر پہلا ٹی ٹونٹی جیت کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں زمبابوے کی ٹیم 108 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔بلاوائیو میں کھیلے جانیوالے پہلے ٹی ٹونٹی میں زمبابوے کے خلاف پاکستان نے 4 وکٹوں پر 165 رنز بنا کر زمبابوے کو جیت کیلئے 166 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں زمبابوے کی پوری ٹیم 15.3 اوورز میں 108 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔تین کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ سکندر رضا 39 اور ٹاڈی واناشے 33 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ابرار احمد اور سفیان مقیم نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ حارث رؤف نے 2 اور جہانداد خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ 18 رنز پر گری جب عمیر یوسف 16 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ صائم ایوب اور عثمان خان نے ٹیم کو سنبھالا اور 57 کے سکور پر صائم ایوب 2 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 24 رنز بناکر چلتے بنے ۔ عثمان خان 13 ویں اوور کی دوسری گیند پر 91 کے سکور پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے انہوں نے 2 چوکے اور 2 چھکے لگائے۔کپتان سلمان علی آغا 19 گیندوں پر 13 رنز بناسکے۔طیب طاہر اور عرفان خان نے 65 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا سکور 165 رنز تک پہنچایا۔ طیب طاہر نے 39 اور عرفان خان نے 27 رنز بنائے۔ٹیم نے 4وکٹوں پر 165رنز بنائے ۔سکندر رضا ‘ رچرڈ اناگاروا‘ ویلنگٹن مساکڈزا اور ریان برل نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔ طیب طاہر کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔سیریز کا دوسرا میچ کل بلاوائیومیں ہی کھیلا جائیگا۔