امت دین کی تعلیمات پر عمل سے اقوامِ عالم میں ممتاز مقام حاصل کر سکتی،پیرنقیب الرحمن

راولپنڈی ( اپنے سٹاف رپورٹر سے)عید گاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف ایک ایسا خوبصور ت خوف ہے جو باقی تمام خوف انسان کے دل سے نکال کر اس کی توجہ اپنی اصلاح کی طرف کر دیتا ہے، انسان کو ہمیشہ فکرِ آخرت رہتی ہے اور اس وجہ سے اس کی زندگی پاکیزہ، گمان نیک اور نیت درست ہو جاتی ہے۔ خانقاہی نظام کا یہ خاصا رہا ہے کہ اس سے منسلک اور اس کی طرف رجوع کرنے والی مخلوقِ خدا کے دلوں کو نورِ عشقِ مصطفی سے منور کر کے ایک مہذب اور با اخلاق معاشرے کو پروان چڑھایا جائے جہاں احترامِ آدمیت، اخوت و رواداری اور ایک دوسرے کے دکھ درد میں کام آنے جیسی اقدار موجود ہوں۔ آج بھی امتِ سچے دل اور خلوصِ نیت سے غلامیِ مصطفی، اتباعِ شریعتِ مطہرہ اور دینِ متین اسلام کی سنہری تعلیمات پر سچے دل سے عمل پیرا ہو جائے تو دوبارہ اقوامِ عالم میں اپنا منفرد  و ممتاز مقام حاصل کر سکتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیثِ پاک کی محفل سے خطاب کے دروان کیا۔درسِ حدیث مبارک کی محفل میں دربارِ رسالت مآب میں خصوصی نعت پاک کا نذرانہ پیر محمد ثوبان نقیب الرحمن نے پیش کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سر بلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بر بریت سے نجات، آزادی و آباد کاری کیلئے خصوصی دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن