بین الملکی تعلقات کی بہتری کیلئے ثقافتی سفارتکاری اہم: اسحاق ڈار

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے دفتر خارجہ میں وویمن ایسوسی ایشن چیرٹی بازار کا افتتاح کردیا۔ اتوار کو دفتر خارجہ میں چیرٹی بازار کی افتتاحی تقریب ہوئی۔ جس میں ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان فارن آفس وویمن ایسوسی ایشن سالانہ چیئرٹی بازار 2024 کا افتتاح کیا۔ چیئرٹی بازار میں مختلف سفارتخانوں کی جانب سے سٹال اور اپنے اپنے ملکوں کی ثقافتی نمائش کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اس موقع پر غیر ملکی سفارتکار اور ان کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد بھی چیئرٹی بازار میں موجود تھے۔ وزارت خارجہ کے افسران کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ اس بازار کا مقصد معاشرے میں مستحق اور کمزور طبقات کی معاونت اور فلاح کرنا ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بین الملکی تعلقات کی بہتری کیلئے ثقافتی سفارتکاری اہم ہے۔ یہ  چیئرٹی بازار راولپنڈی، اسلام آباد کے شہریوں کے لئے ایک موقع ہے کہ وہ فارن آفس کا دورہ کرسکیں اور دوسرے ممالک کی ثقافت دیکھ سکیں۔ ان کے ہینڈی کرافٹس، خوراک سے مستفید ہونے کے علاوہ  پفوا کے کاز میں شریک ہوسکیں گے۔ یہ بازار متنوع ثقافتوں اور تجربات کا حسین امتزاج ہے جو مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی کا ذریعہ ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ اس بازار کا موضوع "جوائنٹ ہینڈز، جوائننگ ہارٹس" جو ایک دلچسپ موضوع ہے اور دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجوں سے ہم آہنگ ہے۔ وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ملائیشین ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور ملائیشیا میں سیلاب سے ہونے والے تباہی کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے ملائشیا میں سیلاب اور طوفانی بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہری ہمدردی اور ملائیشیا کے عوام کے ساتھ پاکستان کی جانب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے ڈیزاسٹر ریلیف حکام کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ 

ای پیپر دی نیشن