فتنہ گروہ کی پسپائی سے عوامی ریلیف کے معاملات میں تیزی آئے گی: وزیراعظم

اسلام آباد‘ لاہور‘ لندن (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) برطانیہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز قانون دان وائس چیئرپرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب اور چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم محمد شہباز شریف سے لاہور میں خصوصی ملاقات کی اور وزیر اعظم کو ملکی معیشت کیلئے دن رات محنت کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بیرسٹر امجد ملک کو وائس چیئرپرسن اوورسیز کمیشن پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح کیلئے وفاق اور پنجاب مل کر اقدامات کریں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ان کے دل کے انتہائی قریب ہیں اور اوورسیز وزارت، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن، اور اوورسیز کمشن میں پہلی فرصت میں تعیناتیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کام کرنے پر اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ فتنہ گروہ کی پسپائی سے عوام کو ریلیف دینے کے معاملات میں مزید تیزی آئے گی۔ وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمشن بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ او پی ایف اور او پی سی پنجاب ملکر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے اقتصادی پہیہ گھمانے اور سٹاک ایکسچینج کو بلند سطح پر لیجانے پر حکومت کو مبارکباد دی۔ کہا کہ ہمیں ملکر بیرون ملک سوشل میڈیا پراپیگینڈا فیکٹریوں کے عمل دخل اور فیک نیوز کو روکنا ہوگا تاکہ ہیجان، عوام میں سنسنی خیزی اور نفرت کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔ علاوہ ازیں  29  اور 30 نومبر 2024 کو بنوں اور خیبر میں فتنۃ الخوراج کیخلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید ( عمر: 26 سال، ساکن ضلع لاہور) اور سپاہی افتخار حسین شہید (عمر: 29 سال، ساکن ضلع جھنگ) کی نماز جنازہ  پشاور اور بنوں گیریژن میں ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں لفٹیننٹ جنرل عمر احمد بخاری، کور کمانڈر پشاور سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور جوانوں نے شرکت کی۔ کیپٹن زوہیب الدین شہید اور سپاہی افتخار حسین شہید کو ان کے آبائی علاقوں میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں  آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے کیپٹن محمد زوہیب الدین شہید کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل سید عامر رضا، اعلیٰ سول اور فوجی افسران بھی نماز جنازہ میں شریک تھے۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے شہید کیپٹن زوہیب الدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ  کیپٹن زوہیب نے انتہائی بہادری سے خوارجی دہشت گردوں کا مقابلہ کیا، پوری قوم کو ان پر فخر ہے۔ ہم شہید کیپٹن کو سلام پیش کرتے ہیں۔ کیپٹن محمد زوہیب الدین نے 30 نومبر 2024 کو ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن کے نتیجے میں تین خوارج کو جہنم واصل اور دو کو گرفتار کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن