چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کی  بھارتی ہٹ دھرمی برقرار

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل پر مشروط رضامندی ظاہر کردی۔ پاکستان نے یہ شرط عائد کی ہے کہ آئندہ بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کے لیے بھی ہائبرڈ ماڈل ہوگا۔ اگر بھارت پاکستان میں نہیں کھیلے گا تو پاکستان کے لیے بھی وہی فارمولا ہونا چاہیے۔پی سی بی نے شرط رکھی ہے کہ بھارت کے سیمی فائنل اور فائنل میں نہ آنے کی صورت میں یہ میچز پاکستان میں ہی ہوں گے۔ متحدہ عرب امارات میں ہونے والے میچز کی گیٹ منی سے اماراتی بورڈ پی سی بی کو حصہ دے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی بورڈ میٹنگ گزشتہ روز نہ ہوسکی۔ بی سی سی آئی نے پاکستان کے سخت موقف کے بعد مزید وقت مانگا ہے جبکہ آئی سی سی کی میٹنگ آئندہ 48 گھنٹے میں ہونے کا امکان ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والا بین الاقوامی سطح پر کوئی کھیل ہو یا کسی کانفرنس یا سیمینار کا انعقاد، بھارت کی طرف سے ہمیشہ اسے سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔ وہ کھیل کے میدان میں بھی سیاست کرتا ہے تاکہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے عالمی سطح پر پاکستان کو بدنام کرکے یہاں بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کیے جا سکیں۔اس مقصد کے لیے وہ مارچ 2009ء میں پاکستان کے دورے پر آئی سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر اس نے حملہ بھی کرا چکا ہے اور اب پھر اس نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کا یہ جواز گھڑا ہے کہ پاکستان ایک غیرمحفوظ ملک ہے اس لیے بھارت اپنی ٹیم کو پاکستان بھیج کر یہ رسک نہیں لے سکتا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے کئی ملکوں کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں جو پاکستان کے پرامن ہونے کا بین ثبوت ہے۔ بھارت بخوبی جانتا ہے کہ پاکستان میں ہونے والی ہر دہشت گردی کے پیچھے اس کا اپنا ہاتھ ہوتا ہے، بالخصوص ایسے موقع پر بھارتی کارروائیاں مزید تیز ہو جاتی ہیں جب پاکستان میں کوئی بین الاقوامی ایونٹ ہو رہا ہو۔ بھارت کا چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کرنا درحقیقت بین الاقوامی کھیل کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس کا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو بھارتی ہٹ دھرمی اور کھیلوں کے عالمی قوانین کی خلاف ورزی پر اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لا کر اسے صرف شیڈول سے ہی نہیں باہر کر دینا چاہیے بلکہ بین الاقوامی سطح پر ہونے والے ہر کھیل میں اس کے حصہ لینے پر پابندی عائد کر دینی چاہیے۔ چونکہ بھارت ہر معاملے میں پاکستان سے شدید مخاصمت رکھتا ہے،‘ اسی سازش کے تحت وہ پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہا ہے، لہٰذا آئی سی سی کوچیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے معاملے پر فوری میٹنگ کرکے چیمپئنز ٹرافی کا شیڈول طے کرلینا چاہیے، بھارت کو اس سے باہر رکھ کر ہی اسے مسکت جواب دیا جا سکتا ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن