تفتیش کے عمل کو جدید تکنیک سے لیس کیا جا رہا ہے،آئی جی اسلام آباد

اسلام آباد(اپنے سٹاپ رپورٹرسے)انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تفتیش کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ زیر تفتیش مقدمات میں مطلوب ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے اتوار کوخصوصی اجلاس کی صدارت کی اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز و سکیورٹی جواد طاریق، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ عبدالحق عمرانی اور اے آئی جی انوسٹی گیشن اور شکایات سید عنایت علی شاہ بھی موجود تھے اجلاس کے دوران آئی جی اسلام آبا دنے تفتیش کے نظام کو بہتر بنانے اور زیر تفتیش مقدمات کا جائزہ لیا،انہوں نے افسران کو مقدمات کی تفتیش کو موثر بنانے اور زیر تفتیش مقدمات میں عدم گرفتار ملزمان کی گرفتاری کے لئے احکامات جاری کیے،آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ بدلتے دور کے تقاضوں کے مطابق تفتیش کے عمل کو جدید تکنیک سے لیس کیا جا رہا ہے،تمام افسران زیرتفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں ،انوسٹی گیشن ونگ کی تجدید کا مقصد تفتیشی نظام کو بروقت اور میرٹ پر مکمل کرنا ہے اورفوجداری مقدمات کی بہتر انداز میں تفتیش کرنی ہے تاکہ جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا جا سکے اور معاشرہ سے جرائم کا خاتمہ کیا جا سکے، اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی فضاء￿ کو برقرار رکھنے کیلئے شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کو موثربنایا جائے، شہر کی سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کیلئے سرویلنس اور مانیٹرنگ کو سیف سٹی کے جدید کیمروں سے یقینی بنایا جائے، دوران ڈیوٹی ناکوں پر تعینات افسران کو سکیورٹی کو مزید موثر بنانے اور مشکوک گاڑی اور اشخاص پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت جاری کی جائیں،جوان ڈیوٹی پوائنٹس پر مکمل ساز وسامان، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں، شہریوں کے جان ومال کا تحفظ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ای پیپر دی نیشن