اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ نے وفاقی دارالحکومت کے پارکوں میں صفائی مہم کا آغاز کردیا،اس سلسلے میں اتوار کے روز فاطمہ جناح ایف نائن پارک میں چیئرمین کلین اینڈ گرین اسلام آباد موومنٹ، احسن ظفر بختاوری اور ان کی ٹیم نے خصوصی ویسٹ پکرز سٹکز کے زریعے پارک کو صاف ستھرا،کلین اینڈ گرین بنانے میں اپنی توانائیاں صرف کیں،سی جی آئی کی ٹیم نے مخصوص لباس اور ویسٹ پکنگ سٹک کے زریعے پارک میں موجود کوڑا کرکٹ اکٹھا کرکے تقریبا دس بڑے بائیو ڈی گریڈ ایبل ویسٹ بیگز میں جمع کیا،انہوں نے پارک میں موجود دیگر شہریوں کو بھی مہم کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے،اس مہم میں فرسٹ وومن بینک کی اسسٹنٹ وائس پریزیڈنٹ روبینہ ناصر،فاطمہ حسن،ثوبیہ،عائشہ،ضیاء چوہدری،اویس ملک،شہباز چوہان اور دیگر بھی ان کے ہمراہ تھے،اس موقع پر مہم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ صفائی نصف ایمان ہے، اور یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ پارک اور دیگر عوامی مقامات پر کچرا پھیلانے کے بجائے ہر شہری کو اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اپنا ویسٹ بیگ ساتھ رکھنا چاہیے۔ کھانے پینے کی اشیاء کے ریپرز اور دیگر کچرا ویسٹ بیگز میں ڈال کر قریبی ویسٹ بنز میں ڈالنا ہمارا اخلاقی فرض ہے،یہ مہم محض ایک سرگرمی نہیں بلکہ شہریوں کو ماحول دوست طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینے کا ذریعہ ہے،زیادہ تر کچرا پلاسٹک بیگز پر مشتمل ہوتا ہے، جو صحت اور ماحول دونوں کے لیے نقصان دہ ہیں۔ انہوں نے عوام کو بائیوڈیگریڈیبل ویسٹ بیگز کے استعمال کی ترغیب دی اور زور دیا کہ پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کرنا وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے مزید کہا کہ ماحول کی بہتری اور اپنی صحت کو محفوظ رکھنے کے لیے ہمیں شجرکاری، صفائی، اور آگاہی مہمات میں بھرپور شرکت کرنی ہوگی۔ یہ نہ صرف ہمارے شہر بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔