راولپنڈی(سٹاف رپورٹر)محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب، ضلع راولپنڈی میں وزیرِاعلی پنجاب مریم نواز شریف کے مویشی پال فارمرز کے لیے لائیو اسٹاک کارڈ سکیم کے تحت بنک آف پنجا ب کی طرف سے بلا سود آسان قرضہ جات کی فراہمی کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی ایپلیکیشن 8070 پر رجسٹرڈ فارمز کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔ اس ضمن میں ضلع راولپنڈی کے موضع جات میں لائیواسٹاک کارڈ کے لیے رجسٹرڈ فارمرز کی تصدیق محکمہ اربن یونٹ کی طرف سے جاری ہے۔ یہ عمل اربن یونٹ کے عملے اور محکمہ لائیوسٹاک کے تعاون سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ جہاں محکمہ اربن یونٹ کا عملہ رجسٹرڈ شدہ فارمرز کے پتہ پر پہنچ کر جانوروں کی موجودگی کی تصدیق کرتا ہے اور فارمرز کے جانوروں کی رہائشی احاطہ کا اندراج کرتا ہے۔ اس سکیم کے تحت گوشت کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے مویشی پال حضرات کے لیے کم سے کم 5 اور زیادہ سے زیادہ 10 نر جانوروں(کٹڑوں/بچھڑوں) کے لیے 270000 روپے کے آسان قرضہ جات کی فراہمی بذریعہ لائیوسٹاک کارڈ بنک آف پنجاب کی طرف سے کی جائے گی۔ اس بلا سود رقم کی فراہمی کا دورانیہ120 دنوں پر مشتمل ہے جبکہ اگلے 30 دن اس رقم کی واپسی کے لیے مختص ہیں۔
لائیو اسٹاک کارڈ سکیم ، بلا سود آسان قرضوں کی فراہمی کیلئے رجسٹرڈ فارمرز کی تصدیق کا عمل جاری
Dec 02, 2024