اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹرسے)الخدمت فانڈیشن پنجاب شمالی کے صدر رضوان احمد نے عالمی والینٹئرز ڈے پر اسلام آباد میں یوتھ گیدرنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں صوبے کی پچاس جامعات کے 1500 سے زائد طلبا ء شریک ہوں گے۔ یوتھ گیدرنگ کا مقصد سماجی خدمات، نوجوانوں کو باختیار بنانا اور سماجی ترقی کا فروغ ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الخدمت یوتھ گیدرنگ "IVD-2" کے عنوان سے 3 دسمبر 2024 کو پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر، اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔ اس موقع پر الطاف شیر، جاوید اختر، چوہدری عبدالعزیز، منزہ صدیقی، توقیر اعوان اور بلال اظفر عباسی سمیت جڑواں شہروں کی 50 یونیورسٹیز کے یوتھ ایمبیسڈر بھی موجود تھے۔رضوان احمد نے بتایا کہ الخدمت یوتھ گیدرنگ سے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، صدر الخدمت فانڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمان اور کارپوریٹ سیکٹر کے ماہرین خطاب کریں گے۔ جبکہ مختلف ممالک کے سفارت کاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ دیگر مہمانان میں اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈی نیٹر محمد یحیی، چیئرمین ریڈ کریسنٹ سوسائٹی پاکستان سردار شاہد احمد لغاری، آغا خان ڈویلپمنٹ نیٹ ورک کی پرنس زہرا آغا خان، بانی اخوت فانڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب شامل ہیں۔ تقریب میں مختلف اہم سیشنز منعقد ہوں گے جن میں "ڈیجیٹل دور میں نوجوانوں کا کردار"، "خواتین کو بااختیار بنانا، معاشروں کی ترقی" اور "پاکستان کے لیے سماجی خدمات" شامل ہیں۔تقریب میں طلبہ اپنے کمیونٹی سروس پراجیکٹس بھی پیش کریں گے۔ اس موقع پر موٹیویشنل لیکچرز اور پینل ڈسکشنز بھی ہوں گی، جن میں این جی اوز کے ساتھ تعاون، خواتین کی خود مختاری، ڈیجیٹل تبدیلی اور صحت کی رضاکارانہ خدمات پر گفتگو ہوگی۔
الخدمت یوتھ گیدرنگ 3 دسمبرکو پاک چائنا فرینڈشپ سینٹراسلام آبادمیں ہوگی،رضوان احمد
Dec 02, 2024