وزیردفاع چوہدری احمد مختار نے کہا ہےکہ قومی ایئرلائن کے روٹس فروخت کرنے کے حوالے سے غلط تاثر قائم کیا جارہا ہے۔

Feb 02, 2011 | 14:57

سفیر یاؤ جنگ
قومی اسمبلی میں وقفۂ سوالات کے دوران وفاقی چودھری احمد مختار نے کہا کہ قومی ایئرلائن پی آئی اے اس وقت یورپ میں ایک ہفتے کے دوران چالیس مقامات پر پروازیں لے کرجاتی ہے۔ ترکش ایئر لائن سے معاہدہ ہونے کی صورت میں یہ تعداد بڑھ کر ایک سو چالیس ہو جائے گی ۔ وزیر دفاع نے کہا کہ پی آئی اے کو مئی دو ہزار آٹھ میں ڈالرکے مقابلے میں روپے کی قدر کم ہونے سے دو کروڑ اسیّ لاکھ روپے اور دو ہزار نو میں سڑسٹھ لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے کا سب سے منافع بخش روٹ پاک جدہ اور ریاض کا ہے اور اس کے بعد اُن ممالک کا روٹ جہاں ڈائریکٹ پروازیں جاتی ہیں۔ وزیر دفاع نے اپنے تحریری جواب میں بتایا کہ قومی ایئر لائن کو منافع بخش بنانے کے لئے بزنس پلان دو ہزار دس سے دو ہزار چودہ کی منظوری پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے دی ہے،اس پلان میں فضائی بیڑے میں مزید ہوائی جہازوں کی ضرورت کی نشاندہی کی گئی ہے۔ وزیر پیٹرولیم نوید قمر نے وقفٔہ سوالات میں ایوان کو بتایا کہ جنوری دو ہزار گیارہ میں ملک کی رجسٹرڈ گیس پیداوار بیالیس لاکھ ستر ہزارکیوبک فٹ تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد پیٹرول کے بلاک صوبوں کی مشاورت سے مختلف کمپنیوں کو دیئے جائیں گے، مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں اس حوالے سے پیش رفت ہوئی ہے۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ گیس کی چوری کی روک تھام کیلئے قانون تیارکر لیا ہے جس پر جلد ہی عملدرآمد ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کی قیمت کا تعین نہیں ہوا البتہ اس سے حاصل گیس کی قیمت ملکی گیس سے زیادہ ہوگی۔
مزیدخبریں