نوازشریف سے نواب صلاح الدین عباسی، ساجد میر کی ملاقات، سیاسی صورتحال پر گفتگو

Feb 02, 2012

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خبر نگار + اپنے نمائندے سے) مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں نواز شریف سے گذشتہ روز رائے ونڈ میں نواب صلاح الدین عباسی نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف، چودھری نثار، سنیٹر پرویز رشید اور ملک اقبال چنڑ بھی ملاقات میں شریک تھے۔ وقت نیوز کے مطابق میاں نوازشریف سے پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی جس میں مسلم لیگ (ن) نے جمعیت اہلحدیث کو سینٹ میں ایک نشست دینے پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ اس ٹکٹ پر ڈاکٹر عظیم الدین زاہد لکھوی امیدوار ہوں گے جبکہ ڈاکٹر زاہد عظیم لکھوی قصور میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے دستبردار ہو جائیں گے۔ اپنے نمائندے سے کے مطابق سینیٹر پروفیسر ساجد میر کو گذشتہ روز صحت یاب ہونے پر ہسپتال انتظامیہ نے ڈسچارج کر دیا ہے۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق حافظ عبدالباسط شیخوپوری، حاجی امجد اجمل، عظیم الدین زاہد لکھوی، عبدالمجید چوہان اور عیادت کے لئے دیگر آنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے ساجد میر نے کہا کہ حکمرانوں کا ہر گزرنے والا دن ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہے، امریکہ کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والی قیادت کی ضرورت ہے۔
مزیدخبریں