لاہور (نیوز رپورٹر) حکومت پنجاب نے موسم میں تبدیلی کے ساتھ ہی محکمہ صحت و دیگر متعلقہ محکموں کو ڈینگی مچھر کی افزائش ابتداءہی سے کنٹرول کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے، اس سلسلہ میں چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کے فیصلوں کی روشنی میں ڈینگی لاروا کی سرویلنس 15 فروری سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری صحت عارف ندیم نے لاہور سمیت تمام اضلاع میں محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دیگر متعلقہ محکموں کے تعاون سے 15 فروری سے لاروا کی افزائش روکنے کے لئے سرگرمی کے ساتھ کام شروع کر دیں۔ علاوہ ازیں ڈینگی کے متوقع مریضوں کے علاج معالجہ کے لئے ٹیچنگ ہسپتالوں میںہائی ڈی پنڈنسی یونٹس قائم کرنے کے لئے خودمختار ٹیچنگ ہسپتالوں کے پرنسپل صاحبان اور ایم ایس حضرات کو بھی تحریری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔