ہنگو: مسجد کے باہر خودکش دھماکہ ‘5 پولیس اہلکاروں سمیت 27 افراد جاں بحق ‘ 50 زخمی

ہنگو (نوائے وقت نیوز) ہنگو کے علاقہ پٹ بازار میں مسجد کے باہر خودکش دھماکے میں 27 افراد جاں بحق اور 50 زخمی ہوگئے۔ پٹ بازار کی جامع مسجد فیض اللہ سے لوگ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد باہر آرہے تھے کہ اچانک ایک موٹر سائیکل سوار نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔ دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا۔ ایم ایس عبدالرشید کے مطابق 35 زخمی ڈی ایچ کیو ہنگو لائے گئے 5 زخمیوں کو باب الاسلام منتقل کیا گیا۔ باقی زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق دھماکہ خودکش تھا۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق دھماکہ خودکش تھا جس میں 7 کلو دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ ڈی پی او ہنگو ڈاکٹر میاں محمد سعید کے مطابق دھماکہ مسجد کے باہر ہوا۔ دھماکہ میں نمازیوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق اہل تشیع سے ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار بھی دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔ خودکش حملے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں، دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنے کا کام شروع کر دیا۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ہنگو، باب المدینہ میڈیکل سنٹر اور باب السلام میڈیکل سنٹر میں طبی امداد کےلئے منتقل کیا گیا جبکہ دھماکے کے فوراً بعد ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔ علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی تاہم پولیس نے حالات پر قابو پالیا ۔پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ یاد رہے کہ ہنگو شہر کا شمار خیبر پی کے کے انتہائی حساس علاقوں میں ہوتا ہے۔ یہ شہر دہشت گردی اور فرقہ وارانہ تشدد کے واقعات سے بری طرح متاثر رہا ہے۔ اس ضلع کی سرحدیں تین قبائلی ایجنسیوں اورکزئی، کرم اور شمالی وزیرستان سے ملتی ہیں۔ دھماکے کے بعد ضلع ہنگو میں ہرطرف خاموشی چھا گئی علاقے کی فضا سوگوار ہوگئی۔ صدر، وزیراعظم، گورنر، وزیراعلی خیبر پی کے اور تمام قومی جماعتوں کے قائدین نے دہشت گردی گ کے اس بدترین واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ صدر، وزیراعظم نے صوبائی حکومت کو زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولیات مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ رحمن ملک نے آئی جی خیبر پی کے اوردیگر سکیورٹی اداروں سے واقعہ کی فوری رپورٹ طلب کرل ی ہے۔ لاہور سے خبر نگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ہنگو کے دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کو جواررحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو یہ ناقابل تلافی نقصان ہمت اور حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی، صدر جاوید ہاشمی، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عارف علوی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے ہنگو میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اوردرجنوںقیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ لاہور سے خصوصی نامہ نگار کے مطابق سنی اتحادکونسل کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ حاجی محمد فضل کریم نے ہنگو بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اسلام اور پاکستان کے خلاف ایک سازش قرار دیا ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان اور صوبائی صدر و سینیٹر افراسیاب خٹک نے ہنگو دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن، مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا قاری فیاض الرحمن علوی، مولانا محمد امجد خان، مولانا امان اللہ خان، مولانا محمد قاسم، الحاج شمس الرحمن شمسی اور عبدالجلیل جان نے بھی ہنگو میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد نقوی نے تین روز ہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عوام کے تحفظ میں ناکام ہو چکی، کارکن پرامن احتجاج کریں، آج تک کسی دہشت گرد کو سزا نہیں دی گئی، حکومت مجرموں کو گرفتار کر کے حقائق عوام کے سامنے لائے۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن صاحبزادہ محمد انیس کے مطابق دھماکے کے سوگ میں سرکاری سکول اور بازار بند رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...