بہاولپور (نامہ نگار) نواب صلاح الدین عباسی کی قیادت میں بہاولپور صوبہ بحالی کیلئے ریلی نکالی گئی۔ نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد الصادق سے فرید گیٹ تک بہت بڑی ریلی نکالی گئی، ریلی میں سابق وفاقی وزیر و صدر پارٹی محمد فاروق اعظم ملک، مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید خان دولت زئی، وکلا، تاجروں سمیت مرد و خواتین اور بچوں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ ریلی کے شرکا نے پرجوش نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ نواب صلاح الدین عباسی کی قیادت میں ہر قیمت پر اپنا صوبہ بحال کرائیں گے۔ اِس موقع پر تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے نواب آف بہاولپور اور محمد فاروق اعظم ملک پر پھولوں کی منوں پتیاں نچھاور کیں۔ نواب صلاح الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ BJP منظور نہیں، صوبہ بحالی کیلئے خون کا آخری قطرہ تک بہادوں گا، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) صوبوں کے ایشو پر عوام کو بیوقوف بنا رہی ہیں، صوبہ بحالی کے نام پر مذاق برداشت نہیں کرینگے۔ پیپلز پارٹی نے بھٹوکی بیٹی بے نظیرکے صوبہ بحالی کے وعدے کا پاس نہیں رکھا، بہاولپوری عوام کے سینوں میںآ گ جل رہی ہیں، ہر قیمت پر اپنا صوبہ بحال کرائیں گے۔ میں نے بہاولپور صوبہ بحالی کے حوالے سے اذان دیدی ہے، اہل بہاولپور اپنی صفیں درست کر لیں۔ رحیم یارخان، بہاولپور اور بہاولنگر کی تمام تحصیلوں سے عوام کا سمندر اس بات کی گواہی دے رہاہے کہ انشاءاللہ جلد بہاولپور صوبہ بحال ہو جائے گا۔ نواب صلاح الدین عباسی نے کہا کہ ریاست اور صوبہ بہاولپور کے دور میں کوئی بھوکا نہیں ملتا تھا، تعلیم اور صحت کی مثالی سہولتیں تھیں۔ میں اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور انشاءاللہ اپنی عوام کو اُن کا صوبہ بحالی کا حق دلا کر اپنے بزرگوں کے سامنے سرخرو ہوں گا۔ سابق وفاقی وزیر صدر بہاولپور نیشنل عوامی پارٹی محمد فاروق اعظم ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور صوبہ بحالی کا فیصلہ ہو چکا۔ نواب بہاولپور نے کہا کہ ہمارے باپ دادا نے سودا نہ کیا میں بھی سودا نہیں کروں گا۔ کان کھول کر سن لیں کسی سے کوئی ناراضگی نہیں لیکن جو ہمارا حق کھائے گا ہم اُس کی انتڑیوں سے اپنا حق چھین لیں گے۔ فاروق اعظم ملک نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے تاریخی جملے کہے کہ میں سب کا احسان اتارچکا ہو ں نواب صادق کا احسان نہیں اتار سکا، آپ گورنر جنرل بن جائیں لیکن نواب صادق نے گورنر جنرل بننے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اور میاں برادران کے پاس موقع تھا لیکن گنوا دیا۔ علاوہ ازیں بہاولنگر سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق بہاولی چوک بہاولنگر میں بہاولپور صوبہ بحالی کے سلسلے میں دھرنا دیا گیا جس میں مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بہاولپور کی بحالی تک تحریک جاری رہے گی۔