اسلام آباد (خبر نگار خصو صی ) پارلیما نی کمشن نے اپنی رپورٹ میں صوبوں میں پانی کی تقسیم کے لئے 1991ءکے معاہدے کی تشکیل نو کی تجویز دی ہے۔ نئے صوبے کے لئے آئین میں 24ویں ترمیم وزارت قانون کی مشاورت سے تیار کی گئی ہے جس میں دستور کے آرٹیکل 9 میں ترمیم بھی تجویز کی گئی ہے۔ کمشن نے نئے صوبے کے لئے تین ماڈلز پر غور کرنے کے بعد بہاولپور، ڈیرہ غازی خان اور ملتان ڈویژن جبکہ بھکر اور میانوالی کے اضلاع کو موزوں قرار دیا ہے۔ وسائل کی تقسیم کا کام قومی اقتصادی کونسل کرے گی۔آئین کے آرٹیکل 175اے میں ترمیم کر کے بہاولپور جنوبی پنجاب ہائی کورٹ کے جسٹس اور ججوں کی تعیناتی کے لئے کمشن میں چاروں صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹس شامل کئے جائیں گے۔ پنجاب میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے قائم کمشن نے جنوبی پنجاب کے تین ڈویژن اور بھکر و میانوالی پر مشتمل نئے صوبے کا نام ”بہاولپور جنوبی پنجاب“ تجویز کیا ہے اس کا دارالحکومت بہاولپور میں ہو گا۔ اس حوالے سے 24ویں ترمیم لائے جانے کی تجویز دی گئی ہے۔ کمشن کے کل 15اجلاسوں کے بعد ان سفارشات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔