اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + آن لائن) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سے گورنر خیبر پی کے، بیرسٹر مسعود کوثر اور ارکان پارلیمنٹ نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وزیراعظم نے مہمند ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں پانی کی قلت کو دور کرنے کیلئے گنڈاﺅ ڈیم کی تعمیر کا کام شروع کرنے پر گورنر خیبر پی کے اور فاٹا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کردار کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ قبائلی علاقہ میں کوئلے کے پلانٹ لگنے سے بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ گورنر خیبر پی کے نے ڈیرہ اسماعیل خان اور مہمند ایجنسی میں دو چھوٹے ڈیموں سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام کی رفتار کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں سید خورشید شاہ، سردار سلیم حیدر خان، نتاشا دولتانہ، عارف عزیز شیخ، طارق شبیر میو، چودھری افتخار نذیر، سید عنایت علی شاہ، تصدق مسعود خان، محمود حیات عرف ٹوچی خان اور انجینئر عثمان خان ترکئی پر مشتمل ملاقات کرنے والے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام عام آدمی کی سہولیات کو مدنظر رکھ کر ترتیب دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ میں اگلی آنے والی حکومت سے بھی توقع رکھوں گا کہ وہ ترقیاتی کاموں کا عمل جاری رکھے گی۔
امید ہے اگلی حکومت بھی ترقیاتی کام جاری رکھے گی: وزیراعظم
Feb 02, 2013