نئی حج پالیسی اپریل تک مرتب کر لی جائیگی: سردار یوسف

Feb 02, 2014

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ رواں سال اپریل تک نئی حج پالیسی مرتب کرلی جائیگی۔ پرائیویٹ حج آپریٹرز کے کوٹہ میں گذ شتہ سال کے مقا بلہ میں کمی نہیں کی جائیگی جبکہ حکو متی سطح پر اس سال 40 فیصد جبکہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کا کوٹہ 60 فیصد کئے جانے کی تجویز ہے۔ اس ضمن میں سعودی حکومت سے عازمین حج کو ٹرانسپورٹ اور رہائش کی بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے بات چیت کی جا رہی ہے اورجلد ہی ایک وفد اس مقصد کیلئے سعودی عرب جائیگا۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس انڈسٹری میں ایک خصوصی اجلاس سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا پی آئی اے سے حج کرایوں میںکمی کیلئے بات کی جار ہی ہے جبکہ سعودی عرب میں گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی ایکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم بھی نافذ کیا جائیگا تا کہ حاجیوں کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جاسکے۔ پاکستان میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قیمت کی وجہ سے حج مہنگا ہوجاتا ہے جبکہ انڈیا میں ڈالر ریٹ کم ہونے کی وجہ سے حج سستا ہوتا ہے۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے حج کوٹہ سے متعلق دی گئی تجاویز کے حوالہ سے ان کا کہنا تھا ان تجاویز کا حج پالیسی مرتب کرتے ہوئے جائزہ لیا جائیگا۔ امید ہے ان تجاویز کو حج پالیسی میں شامل کر لیا جائیگا۔

مزیدخبریں