اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ ثناء نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل میں دنیا میں بہت اہم کردار ہوگا اسلئے سعودی عرب سمیت تمام اسلامی ممالک پاکستان کی موجودہ مشکلات کے خاتمے کیلئے اسکی مدد کریں۔ صدر مملکت گذشتہ روز یہاں کنونشن سنٹر میں انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ صدر نے کہا کہ چین کی مدد سے جو اکنامک کوریڈور بن رہا ہے وہ اس خطے میں اہم تبدیلیوں کا باعث بنے گا اور اس میں پاکستان کا کردار بہت اہم ہوگا۔ صدر نے انٹر نیشنل اسلامک یونیورسٹی کی ترقی کیلئے سعودی عرب اور دوسرے اسلامی ملکوں کے کردار کی تعریف کی۔ صدر نے اسلامی یونیورسٹی کے طلبہ کو یاد دلایا کہ انکے والدین نے بڑی محنت سے انہیں اس مقام پر پہنچایا ہے اسلئے وہ اپنے والدین کا بھرپور احترام کریں۔ ثناء نیوز کے مطابق کانووکیشن کے موقع پر سعودی عرب کے شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کو سیاسیات و تعلقات عامہ میں ڈاکٹر آف فلاسفی کی اعزازی ڈگری دی گئی۔ شاہ عبداللہ کے نمائندے، یونیورسٹی کے پروچانسلر اور امام بن سعودی یونیورسٹی کے صدر سلیمان بن عبداللہ ابالخیل نے وصول کی۔ خادمین حرمین شریفین شاہ عبداللہ کو اعزازی ڈگری انکی اُمت مسلمہ کی فلاح و بہود، تعلیمی اقدامات، امن اور استحکام کیلئے گرانقدر خدمات کے اعتراف میں دی گئی۔