لاہور (نیوز رپورٹر + این این آئی) چھٹی کے روز بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ گیس کی طویل بندش کیخلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، تفصیلات کے مطابق لیسکو کی جانب سے لاہور میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور اور اس کے مضافات میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 16 گھنٹے رہا۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں معمول کی لوڈشیڈنگ کے علاوہ سرحدی علاقوں میں داروغہ والا، چوہنگ، ٹھوکر نیاز بیگ، بیدیاں روڈ سمیت دیگر میں 16 فیڈرز بند رہے جس کی وجہ سے ان متاثرہ علاقوں میں بجلی مسلسل 10 گھنٹے تک بند رہی جس پر صارفین نے شدید احتجاج کیا اور لیسکو کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی۔ علاوہ ازیں شہری اور دیہی علاقوں میں 9 سے 14 گھنٹے لوڈشیڈنگ ریکارڈ کی گئی جبکہ گیس کی عدم دستیابی کے باعث عوام کھانا بازار سے خریدنے پر مجبور ہو گئے۔ علاوہ ازیں سی این جی سٹیشنز کو گیس کی فراہمی معطل ہونے کے باوجود گزشتہ روز بھی لاہور سمیت صوبے کے مختلف مقامات پر گیس کی عدم دستیابی اور کم پریشر کی شکایات برقرار رہیں۔ مختلف مقامات پر گیس بالکل دستیاب نہ تھی جس کے باعث خواتین کو گھریلو امور کی انجام دہی میں مشکلات درپیش رہیں۔ جس پرلوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ کیو بلاک دھلے فلیٹس کے رہائشیوں نے گزشتہ چھ ماہ سے مسلسل گیس بندش کے خلاف احتجاج کیا۔