لندن(آئی این پی) پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کے لئے آواز اٹھانے والی عالمی امن ایوارڈ یافتہ ملالہ یوسفزئی کو ایک عالمی سروے میں دنیا کی دوسری مقبول ترین خاتون قرار دیدیا گیا،ہالی وڈ کی مشہور اداکارہ انجلینا جولی دنیا کی سب سے مقبول خاتون ہیں۔برطانوی ادارے ’’یو گو‘‘ کی جانب سے کئے جانے والے اس سروے میں 23 ممالک سے 25000 افراد نے حصہ لیا۔ سروے میں خواتین کی مقبولیت میں سر فہرست انجلینا جولی رہیں جبکہ اس کے علاوہ پہلے دس مقبول ترین ناموں میں ملکہ برطانیہ، جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکل، سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن اور بھارتی رہنما سونیا گاندھی شامل ہیں۔لوگوں کی اکثریت نے سب سے زیادہ مقبول خاتون کا سوال پوچھے جانے کے جواب میں انجلینا جولی کا ہی نام لیا۔ اس کے علاوہ مردوں میں سب سے مقبول شخص کا خطاب دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس کو دیا گیا۔‘یو گو’ نے سروے میں مختلف ممالک میں مقبول ترین افراد کی بھی فہرستیں شائع کی ہیں۔ مشہور برطانوی اداکارہ ایما واٹسن اور ملالہ یوسفزئی دونوں ملائیشیا میں سب سے مقبول خواتین قرار پائیں۔ اس کے علاوہ برطانیہ میں سب سے مقبول مرد کی فہرست میں سب سے پہلا نام ماہر طبعیات سٹیفن ہاکنگز کا تھا۔ دنیا کی مقبول ترین خاتون کے شوہر اداکار بریڈ پٹ دنیا کے 13 ویں مقبول ترین مرد قرار پائے۔