کراچی : کسٹمز افسر مذہبی جماعت کے4 کارکنوں کی ٹارگٹ کلنگ، مقابلے میں5 گینسٹر ہلاک

Feb 02, 2015

کراچی (کرائم رپورٹر+ نیوز ڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں اتوار کے روز فائرنگ کے واقعات میں باپ بیٹے سمیت 4مذہبی جماعت کے کارکن کسٹم آفیسر جاں بحق اور رینجرز سے مقابلے میں لیاری کے 5گینگسٹر مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے اسلام چوک میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 60سالہ اختر حسین اور انکا بیٹا 28سالہ مدثر حسین جاں بحق ہو گئے۔ اہل سنت و الجماعت کے مطابق باپ بیٹا انکے کارکن تھے۔ ادھر ملیر ہالٹ کے علاقے میں شام گئے 2افراد محمد نسیم اور محمد آصف کو موٹرسائیکل سواروں نے گولیوں سے چھلنی کر دیا۔ ترجمان اہلسنت و الجماعت کے مطابق نسیم اور آصف انکے کارکن تھے جن کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی۔ لیاری میں شاہ غریب مزار کے قریب فائرنگ سے ایک شخص دم توڑ گیا۔ نارتھ ناظم آباد کے آئی بلاک میں پولیس موبائل پر دو دستی بموں سے حملہ کیا گیا۔ ایک بم پھٹنے سے موبائل کو نقصان پہنچا تاہم اہلکار محفوظ رہے۔ دوسرے کو بم ڈسپوزل سکواڈ نے ناکارہ بنا دیا۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی روڈ پرگزشتہ رات فائرنگ سے شدید زخمی ہونیوالا کسٹمز آفیسر اصلاح الدین خان نجی ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ دوسری طرف ملیر ندی کے قریب ایک ٹھکانے پر رینجرز کے چھاپے اور فائرنگ کے تبادلے میں لیاری کے 5خطرناک گینگسٹر شیراز ابراہیم عرف کامریڈ ملیروالا، گل حسن عرف پیرو، یوسف پٹھان، اکبر ملیری، خالد لاشاری مارے گئے۔ پانچوں کئی سنگین وارداتوں میں مطلوب تھے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق شیراز ابراہیم قتل کی 6، اکبر ملیری 11، یوسف پٹھان 11، خالد لاشاری 4سے زائد وارداتوں میں ملوث تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق رینجرز حکام پہلے خطرناک گینگسٹر شیراز کامریڈ کو مار دینے کا دعویٰ کرتے رہے تاہم بعد میں کہا کہ وہ شیراز کامریڈ نہیں بلکہ شیراز ابراہیم عرف کامریڈ ملیر والا ہے۔ واضح رہے کہ شیراز کامریڈ پر 200سے زائد سنگین مقدمات ہیں اور وہ عرصے سے روپوش ہے مارا جانیوالا شیراز ابراہیم سہیل ڈاڈا گروپ کا کارندہ جبکہ اکبر ملیری سہیل ڈاڈا کا بہنوئی تھا۔ ادھر سکندر آباد میں طلاق ملنے پر 27سالہ نگہت نے اپنا گلا کاٹ کر خودکشی کرلی جبکہ کلفٹن بلاک 9میں سکیورٹی گارڈ 40سالہ رضا نے خود کو گولی مارکر ہلاک کر لیا، خودکشی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔

مزیدخبریں