پشاور( صباح نےوز)وزیراعلی خیبرپی کے پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپی کے میں بلدیاتی انتخابات مئی میں ہوں گے۔ پی ٹی آئی کی حکومت مقامی حکومتوں کا شفاف نظام لانا چاہتی ہے۔ وزیراعلی پرویز خٹک سی ایم ہاﺅس میں کوہستان کے وفد سے بات چیت کررہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ہر ضلع کو تیس سے چالیس کروڑ روپے اضافی فنڈز ملیں گے۔ بلدیاتی ادارے مقامی سطح پر اپنے معاملات میں بااختیار ہوں گے ۔وزیراعلی پرویز خٹک نے کہا کہ صوبائی حکومت مئی میں بلدیاتی انتخابات کے ساتھ ہی ایسا بلدیاتی نظام نافذکررہی ہے جس سے تمام تر انتظامی اور مالی اختیارات مقامی لوگوں کومنتقل ہوں گے۔اس کی بدولت عوام اپنے معاملات میں مقامی سطح پر مکمل طورپر بااختیار ہوجائیں گے۔وہ اپنے بیشتر مسئلے خود ہی حل کرسکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی شفاف پالیسی کی بدولت دورافتادہ اور پسماندہ اضلاع کی پسماندگی ترجیحی بنیادوں پر دور ہو گی۔ان کا کہنا تھا کہ ترقیاتی فنڈز کے منصفانہ اور شفاف استعمال کویقینی بنائیں گے کسی کے ساتھ سیاسی بنیادوں پر امتیاز نہیں برتا جائے گا۔
پرویز خٹک