ابوجا (بی بی سی+ این این آئی، اے ایف پی) شدت پسند تنظیم بوکو حرام کے جنگجوئوں نے نائیجریا کے دفاعی اہمیت کے حامل شہر میدو گوری پر حملہ کیا ہے جو فوج نے پسپا کر دیا لیکن جھڑپ میں 8 افراد مارے گئے۔ ملک کے شمال میں واقع شہر کی گلیوں میں گولیاں چلنے کی آوازیں سنائی دی گئی ہیں اور شہریوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ یہ حملہ اتوا ر کو علی الصبح کیا گیا۔ ادھر پوٹیکم شہر میں انتخابی جلسے کے قریب خودکش حملے میں 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ بمبار نے رکن پارلیمنٹ سابو گاریو کے گھر کے سامنے دھماکہ کیا وہ بھی محفوظ رہے۔ 14 فروری کو صدارلی الیکشن ہو رہے ہیں چائو کی فوج نے بھی بوکو حرام کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ افریقی ممالک کے سربراہان نے نائیجریا میں بوکو حرام کے جنگجوئوں سے لڑنے کیلئے سات ہزار سے زائد فوجی بھیجنے کا اعلان کر دیا۔ ایتھوپیا کے دارالحکومت اویس ابابا میں افریقی یونین کے زیرانتظام دو روزہ کانفرنس منعقد کی گئی۔ دوسری جانب افریقی ممالک کے اس اقدام پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے مکمل حمایت اور مدد کا یقین دلایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بوکو حرام کے حملوں سے شہریوں کو بچانے کیلئے اچھا فیصلہ کیا گیا۔