اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو (نیب ) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب ’’زیرو کرپشن 100 فیصد ترقی‘‘ پر یقین رکھتا ہے، نیب افسران بدعنوانی کی روک تھام کے اپنے قومی فرض کو مکمل شفافیت اور قواعد کے مطابق ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کی کارکردگی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو نمٹانے کیلئے 3 مرحلوں پر مشتمل آپریشنل میتھڈالوجی کا نظام وضع کیا ہے جو کہ شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن پر مشتمل ہے۔ 2016ء میں 2015ء کے مقابلے میں نیب کو دوگنا شکایات، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن موصول ہوئی ہیں۔ ملک کی معاشی ترقی، سرمایہ کاری اور معاشی استحکام کیلئے موثر احتساب کا نظام ضروری ہے۔ نیب نے اپنے قیام سے لیکر کر اب تک بدعنوانی کیخلاف قانون پر عملدرآمد سمیت آگاہی و تدارک کی پالیسی پر توجہ مرکوز کی ہے تا کہ لوگوں کو بدعنوانی کے برے اثرات سے آگاہ کیا جاسکے۔