لاہور سمیت کئی شہروں میں دھند، ملتان: گاڑیاں ٹکرانے سے 3 افراد زخمی

اسلام آباد/ لاہور (اے پی پی+آئی این پی) لاہور، فیصل آباد، پشاور سمیت کئی شہروں میں دھند رہی۔ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر حد نگاہ صفر ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق بدھ کی صبح پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند کا راج رہا، لاہور میں بعض مقامات پر دھند کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر شیخوپورہ، پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد، پتوکی، ساہیوال، خانیوال، ملتان اور بہاولپور کے علاقوں میں حد نگاہ صفر ہونے سے ٹریفک کی روانی میں شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ موٹروے پولیس کی جانب سے ڈرائیوروں کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں کہ وہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں۔ دھند کے باعث ملتان میں بہاولپور انٹرچینج کے قریب 6 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئی ہیں جس کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری طرف پشاور شہر اور گرد و نواح میں بھی دھند کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔ چارسدہ، کوہاٹ روڈ اور جی ٹی روڈ پر ٹریفک کو مشکلات کا سامنا رہا۔ پشاور سے رشکی انٹرچینج تک موٹر وے بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی جبکہ ائرپورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا۔ بی بی سی کے مطابق پاک افغان سرحد پر واقع گاؤں بروغل میں شدید برف باری کے باعث 1400 گھرانوں کا رابطہ ایک ہفتے سے ملک کے دیگر شہروں سے منقطع ہے۔ بروغل کا علاقہ چترال سے کوئی ڈھائی سو کلومیٹر دور شمال میں پاک افغان سرحد پر واقع ہے جس میں حالیہ دنوں میں کوئی 8 سے 10 فٹ تک برف باری ہو چکی ہے جبکہ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہ برف 80 کلومیٹر کے علاقے تک پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے گاڑی تک پہنچنے کے لیے انہیں چار سے پانچ روز تک پیدل سفر کرنا پڑتا ہے۔ بروغل کے یونین کونسل کے ناظم امین جان تاجک کے مطابق علاقے میں تین سے چار دیہات ہیں جہاں کوئی ہسپتال نہیں صرف ایک ڈسپنسری ہے جہاں ادویات ختم ہو چکی ہیں جبکہ بارش اور برفباری سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے پشاور میں تعینات ڈائریکٹر مشتاق علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ چند سالوں کی نسبت اس سال بارشیں اور برف باری زیادہ ہوئی ہے۔ مالم جبہ میں دس فٹ اور کالام میں آٹھ فٹ تک برف پڑی ہے۔ صباح نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے آج جمعرات سے ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ڈی جی میٹ غلام رسول کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ آج جمعرات سے بلوچستان میں داخل ہو رہا ہے۔ نیا سلسلہ جمعہ سے ملک کے دیگر حصوں تک پھیل جائیگا۔ فروری میں بارشوں کے تین سلسلے پاکستان میں برسیں گے۔ ڈی جی میٹ نے کہاکہ فروری میں ملک کے کئی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...