فیصل آباد/ کراچی/ لاہور (نمائندہ خصوصی+ آن لائن) مختلف شہروں میں مُضر صحت کھانا کھانے سے خواتین اور بچوں سمیت 29 افراد کی حالت غیر ہوگئی جنہیں طبی امداد فراہم کر نے کیلئے متعلقہ ہسپتالوں میں پہنچا دیا گیا۔ لاہور میں شاہد سلطان کے علاقے میں ایک شادی کی تقریب کے دوران مُضر صحت کھانا کھانے سے 14افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کر نے کیلئے سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ دوسری جانب کراچی میں ڈالمیا شانتی نگر میں مُضر صحت کھانا کھانے سے پانچ خواتین بے ہوش ہوگئیں جنہیں نیم بے ہوشی کی حالت میں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے دو خواتین کی حالت کو تشویشناک قرار دیدیا۔ فیصل آباد میں غلام محمد آباد کے رہائشی علی کی فیملی ملتان میں اپنے عزیزوں کے گھر شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے گئے تھے جہاں ولیمہ میں کھانا کھا کر گھر واپس پہنچتے ہی انکی طبیعت خراب ہو گئی اور تمام اہل خانہ قے کرتے ہوئے بے ہوش ہوگئے۔ بیمار ہونیوالے علی اور اسکے گھر کی 9 خواتین شاہدہ، ماریہ، بسمہ، ملائکہ، کنیزہ، زاہدہ، اقرا، مہوش اور کائنات کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں انکا علاج جاری ہے۔